ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل:کوسموس اسپورٹس سنٹر کی زیر اہتمام عالمی مسابقہ حافظ محمد انیس کے اعزاز میں تہنیتی جلسہ : حافظ انیس کو عالمی قرآن مقابلے میں اول مقام

بھٹکل:کوسموس اسپورٹس سنٹر کی زیر اہتمام عالمی مسابقہ حافظ محمد انیس کے اعزاز میں تہنیتی جلسہ : حافظ انیس کو عالمی قرآن مقابلے میں اول مقام

Sun, 29 Apr 2018 17:14:16    S.O. News Service

بھٹکل:29/اپریل (ایس او نیوز)ایران میں منعقدہ عالمی مسابقہ حفظ قرآن مقابلہ میں نابیناحفاظ کے شعبہ میں بھٹکل کے حافظ محمد انیس نے اول مقام حاصل کرتےہوئے ملک ، شہر اور قوم کا نام روشن کیاہے۔ حافظ محمد انیس کے اعزاز میں کوسموس اسپورٹس سنٹر کے زیر اہتمام سنیچر 28اپریل کو تہنیتی جلسہ کا انعقادہوا جہاں حافظ محمد انیس کی سنٹر اور عوام کی جانب سے شال پوسی اور تہنیت کی گئی ۔

جلسہ میں مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے چیف قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی ندوی مدنی نے حافظ محمد انیس کو مبارکبادی پیش کرتےہوئے کارکردگی کی ستائش کی ۔ اپنے مختصر خطاب میں مولانا نے بتایا کہ ایران میں منعقدہ عالمی مسابقہ قرآن حفظ میں دنیا بھر سے مختلف ممالک کے 570حفاظ نے حصہ لیا تھا۔ مسابقہ کل چار زمروں بینا، نابینا، مرد وخواتین کے لئے الگ الگ منعقد ہوا تھا۔ حافظ انیس نے نابینا شعبہ میں شرکت کردہ 70 مساہمین سےسبقت حاصل کرتےہوئے اول انعام حاصل کرنا باعث فخر ہے۔ عالمی مقابلے میں حافظ محمد انیس ہندوستان سے واحد نمائندے تھے۔ مولانا نے بتایا کہ حافظ انیس گرچہ ظاہری بینائی سے تو محروم ہیں لیکن اللہ تعالیٰ نے ان کے دل کو اپنے کلام سے منور کیا ، قرآن کی بینائی سے نوازا ہے۔ حافظ انیس کے بچپن کے متعلق مولانا نے بتایا کہ مولوی اسماعیل انجم نے ان کی فکر کرتے ہوئے محمد انیس کو جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے قرأت کے شعبہ میں داخلہ دلوایا۔ جہاں وہ شفیق اساتذہ کی نگرانی میں قرآن حفظ مکمل کیا۔

اول انعام حاصل کرنے والے حافظ محمد انیس اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھے بہت خوشی و مسرت ہورہی ہے کہ کوسموس سنٹر اور مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کی طرف سے اعزاز بخشا جارہاہے، اس موقع پر اللہ تعالیٰ کا شکریہ اداکرتے ہوئے انہوں نے اپنے اساتذہ اور دیگر معاونین کا خاص طورپر تذکرہ کرتےہوئے ان کا اور میزبان سنٹر کا شکریہ اداکیا۔ تقریب میں موجود نوجوانوں اور بچوں سے اپیل کرتے ہوئے حافظ انیس نے کہاکہ قرآن مجید کی طرف زیادہ توجہ دیں۔ جتنی دنیا وی تعلیم کی فکر کرتے ہیں اس سے زیادہ آخرت کی تعلیم کی فکر کریں۔اساتذہ کے عزت او احترام کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ جب مدرسوں میں بچے شرارت کرتےہیں تواساتذہ بہت حد تک اس کو برداشت کرتے ہیں بعض دفعہ ایک دومار بھی دیتے ہیں، اس پر خفا ہونا اور والدین سے شکایت کرنا اچھی بات نہیں ہے۔ تعلیم کے لئے مارنا ضروری ہے۔ جس طرح ایک آچاری میخوں کو جتنا زور سے مارتا ہے وہ میخ اتنا ہی مضبوط بیٹھتاہے۔ تعلیم آسان راہوں سے حاصل نہیں ہوتی، یہی وجہ ہے کہ کبھی کبھی اساتذہ سے ہمیں مار پڑتی ہے تو وہ ہماری علمی مضبوطی کے لئے ہوتی ہے۔ والدین بھی بچوں کی باتوں سے فوری متاثر ہوجاتے ہیں، اور بچوں کے سامنے ہی اس کی حمایت کرنے لگتے ہیں ،والدین اگر ایسا کرتے ہیں تو بچے آزاد ہوجاتےہیں،علمی سنجیدگی جاتی رہتی ہے۔ انہوں نے والدین اور سرپرستوں سے کہاکہ وہ سنجیدگی سے اپنے بچوں کی تربیت کرنے کی کوشش کریں۔ اساتذہ کی قدر ،عزت کریں گے تو دنیا وآخرت میں عزت ، شہرت سب کچھ ملنے کی بات کہی۔

کوسموس کے صدر عظیم ڈی ایف نے جلسہ کی صدارت کی۔ نائب صدر مولوی ارشاد نائطے نے حافظ محمد انیس کی خدمت میں سنٹر کی جانب سے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے خواندگی کی۔وکیل ، مولوی تیمور گوائی ندوی نے بہترین انداز میں نظامت کی۔ جلسہ میں سنٹر کے جنرل سکریٹری معروف صدیقہ، اسپورٹس سکریٹری عبدالباسط طاہرہ ،طارق دامداابو، کے ایم اشفاق ، باپو شریف وغیرہ موجود تھے۔


Share: